سڈنی کے ساحلی علاقے میں فائرنگ، متعدد افراد جاں بحق اور زخمی

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی بیچ میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے عوام پر اچانک فائرنگ شروع کر دی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 10 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرے مشتبہ شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
واقعہ ایک مذہبی تقریب کے دوران پیش آنے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شہریوں کو بونڈی بیچ سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا قرار دیا ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔









