
سائنس دانوں نے سپر کمپیوٹر کی غیر معمولی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ابتدائی کائنات کا ایک جدید اور انتہائی تفصیلی ڈیجیٹل ماڈل تیار کر لیا ہے، جس سے کائنات کی ابتدا، کہکشاؤں کی تشکیل اور اربوں سال پر محیط کائناتی تبدیلیوں کو سمجھنے میں نئی مدد ملنے کی امید ہے۔
بین الاقوامی سائنسی ٹیم کی تیار کردہ اس سمیولیشن کو ’لومینا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق یہ ماڈل سابقہ سمیولیشنز کے مقابلے میں تقریباً 100 گنا زیادہ وسیع خلائی علاقے کا احاطہ کرتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کائنات کے وسیع ڈھانچے کے ساتھ انفرادی کہکشاؤں کی تشکیل اور اندرونی تفصیلات کا بھی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق لومینا میں کائنات کے ابتدائی دور کے ایک اہم مرحلے، جسے ری آئنائزیشن کہا جاتا ہے، کو خصوصی طور پر دکھایا گیا ہے۔ اس دور میں ابتدائی ستاروں اور بلیک ہولز سے خارج ہونے والی بالائے بنفشی شعاعوں نے ہائیڈروجن کے ایٹموں کو تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں روشنی کو کائنات میں زیادہ فاصلے تک سفر کرنے کا موقع ملا۔
اس بڑے منصوبے کی تکمیل میں تقریباً تین سال لگے۔ اس دوران امریکی ریاست ٹینیسی کی اوک رج نیشنل لیبارٹری میں موجود طاقتور سپر کمپیوٹر ’فرنٹیئر‘ کے 15 ہزار سے زیادہ گرافکس پروسیسنگ یونٹس استعمال کیے گئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس ماڈل سے عام مادے اور تاریک مادے کی حرکت، کہکشاؤں کی نشوونما اور کائناتی جال کی ساخت کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔
سائنس دان اب لومینا کے نتائج کا موازنہ ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے مشاہدات سے کرنے کے خواہاں ہیں۔ اگر دونوں کے نتائج میں مطابقت سامنے آئی تو موجودہ نظریات کو تقویت ملے گی، جبکہ اختلاف کی صورت میں کائنات سے متعلق نئے سائنسی سوالات جنم لے سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت کائنات کے ماضی کو سمجھنے اور اس کی تشکیل کے پیچیدہ رازوں سے پردہ اٹھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









