سپریم کورٹ کا عمران خان کی آنکھوں کے معائنے کا حکم،

0
30
سپریم کورٹ کا عمران خان کی آنکھوں کے معائنے کا حکم،

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی آنکھوں کے طبی معائنے کا حکم دیتے ہوئے توشہ خانہ فوجداری کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مناسب حکم جاری کرے گی۔
عدالت میں بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے عمران خان کی صحت سے متعلق ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق عمران خان نے جیل میں سیکیورٹی انتظامات، حفاظتی تدابیر اور خوراک کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کا طبی معائنہ ان کے کسی اہلِ خانہ کی موجودگی میں کروایا جائے، تاہم عدالت نے یہ درخواست منظور نہیں کی۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی آنکھوں کے معائنے کے لیے ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی اور حکم دیا کہ آنکھوں کا مکمل چیک اپ 16 فروری سے قبل کر لیا جائے۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ عمران خان کو مطالعے کے لیے چند کتابیں فراہم کی جائیں۔ مزید برآں، عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عمران خان کی اپنے بچوں سے فون پر بات چیت بھی 16 فروری سے پہلے یقینی بنائی جائے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

Leave a reply