سونا پھر محفوظ سرمایہ کاری بن گیا، قیمتوں میں تیزی

0
34
سونا پھر محفوظ سرمایہ کاری بن گیا، قیمتوں میں تیزی

بدھ کے روز عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی بتائی جا رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیزی کے اثرات پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں پر پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیر مستحکم عالمی حالات میں سرمایہ کار عام طور پر سونے کو محفوظ ذریعہ سمجھتے ہیں، اور اسی رجحان کے باعث حالیہ دنوں میں سونے کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ، بالخصوص امریکی بحری بیڑے کے قریب ایرانی ڈرون کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کے بعد سونے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان عمان میں متوقع جوہری مذاکرات سے متعلق اطلاعات نے بھی مارکیٹ میں بے چینی پیدا کر رکھی ہے۔ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالیاتی پالیسی پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جہاں 2026 کے دوران شرح سود میں کم از کم دو مرتبہ کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔ کم شرح سود کا ماحول عام طور پر سونے کی قیمتوں کے لیے سازگار سمجھا جاتا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قریبی مدت میں سونے کی قیمت 5 ہزار 100 ڈالر فی اونس تک جا سکتی ہے، جبکہ اپریل کے اختتام یا سال کے پہلے نصف تک 5 ہزار 600 ڈالر کی سطح بھی زیرِ غور ہے۔ بعض ماہرین نے تو سال کے آخر تک سونے کے 6 ہزار ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ اسی دوران چاندی، پلاٹینم اور پیلاڈیم کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اگر عالمی نرخوں کی بنیاد پر پاکستان میں سونے کی ممکنہ قیمت کا اندازہ لگایا جائے تو ایک اونس سونے کی قیمت 5 ہزار 71 اعشاریہ 79 ڈالر اور انٹربینک ڈالر ریٹ 278 اعشاریہ 76 روپے ہونے کی صورت میں ایک تولہ سونے کی قیمت تقریباً 5 لاکھ 30 ہزار روپے کے قریب بنتی ہے۔
تاہم یہ قیمت حتمی نہیں ہے، کیونکہ مقامی مارکیٹ کے عوامل، ٹیکسز اور طلب و رسد میں فرق کے باعث اس میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی کشیدگی برقرار رہی تو پاکستان میں سونے کی قیمتیں مزید بلند سطحیں بھی چھو سکتی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں بدھ کے روز اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 2 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایک دن قبل اس میں تقریباً 6 فیصد کی تیزی دیکھی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے سونا 5 ہزار 594 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح تک بھی پہنچ چکا ہے، جبکہ امریکی فیوچرز مارکیٹ میں اپریل ڈیلیوری کے لیے سونا 5 ہزار 92 ڈالر فی اونس کے قریب ٹریڈ کرتا نظر آیا۔

Leave a reply