
پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی نے بالی وُڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے نکاح کے حوالے سے غیر متوقع دعویٰ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ اگر ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی ہوئی، تو دو سے چار ماہ کے اندر اداکارہ کی جانب سے نکاح کی پیشکش ممکن ہے۔
مفتی عبدالقوی نے مزید کہا کہ اداکارہ کو مسلمان کر کے ان کا نام عائشہ رائے رکھا جائے گا، بالکل اسی طرح جیسے اداکارہ راکھی ساونت نے اسلام قبول کیا تھا اور فاطمہ نام رکھا گیا۔
ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف ردعمل ظاہر کیے۔ کچھ نے اس کو مذاق قرار دیا، جبکہ بعض نے شدید تنقید کی۔ یہ پہلا موقع نہیں جب مفتی عبدالقوی نے بھارتی اداکاراؤں سے شادی کے حوالے سے دعویٰ کیا ہو۔ اس سے قبل انہوں نے راکھی ساونت کے ساتھ شادی کی پیشکش کی تھی، جسے راکھی نے مزاحیہ انداز میں مسترد کر دیا تھا۔
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ایسے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ زیادہ تر توجہ حاصل کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔








