
سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ عمر کوٹ، تھرپارکر اور ٹنڈو محمد خان سمیت کئی شہروں میں بارش ہو رہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے 11 ستمبر تک میرپورخاص، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں بھی آج شام سے جمعرات تک وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں اگلے دو روز کے دوران شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس الرٹ کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، خان پور، مظفرگڑھ، ڈیرا غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔