“سفید کا تختہ مات! ایئر نیوزی لینڈ نے فلائٹ انڈسٹری میں تہلکہ مچادیا”

اکثر کمرشل ہوائی جہاز سفید رنگ کے ہوتے ہیں، لیکن نیوزی لینڈ کی ایئر لائن نے اس روایت کو توڑتے ہوئے اپنے جہازوں کو سیاہ رنگ میں رنگنا شروع کیا ہے۔
سفید رنگ کے جہاز نہ صرف ظاہری حسن رکھتے ہیں بلکہ یہ گرم دنوں میں جہاز کے اندرونی حصے کو ٹھنڈا رکھتے ہیں، ایئر کنڈیشننگ پر دباؤ کم کرتے ہیں اور ایندھن کی بچت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ سفید رنگ کی وجہ سے دراڑیں، زنگ اور دیگر مسائل بھی آسانی سے نظر آتے ہیں، جبکہ سیاہ رنگ جلد مدھم پڑ جاتا ہے اور دیکھ بھال کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔
اس کے باوجود ایئر نیوزی لینڈ نے 2007 میں اپنے پہلے سیاہ رنگ کے بوئنگ 777 کو متعارف کرایا، جس کا مقصد نیوزی لینڈ کی مشہور رگبی ٹیم “آل بلیکس” کے اعزاز میں ڈیزائن پیش کرنا تھا۔ اس کے بعد ہر بڑے جہاز کے لیے کم از کم ایک سیاہ رنگ والا ماڈل پیش کیا جاتا ہے۔
ایئر نیوزی لینڈ کے سیاہ رنگ کے جہاز نہ صرف ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ برانڈ کی پہچان اور مارکیٹ میں نمایاں مقام بھی فراہم کرتے ہیں۔ 2022 میں متعارف ہونے والا ایئر بس A321neo ZK-OYB اسٹار الائنس میں مکمل طور پر سیاہ رنگ والا پہلا جہاز ہے۔ ایئر لائن کے مطابق، سیاہ رنگ جہاز کی کارکردگی یا ایندھن کی کھپت پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالتا۔
نیوزی لینڈ میں سیاہ رنگ کھیل، جوتے اور جرسیز میں اہمیت رکھتا ہے اور یہ ملک کی قومی ثقافت کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔









