سعودی عرب اور پاکستان کا دفاعی اشتراک، اسلامی دنیا کے لیے نیک شگون ہے، رانا ثناء اللہ

0
82

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ معاہدہ امت مسلمہ کے دیرینہ خواب کی تکمیل کی طرف ایک اہم قدم ہے، جو مسلم دنیا کے اتحاد اور باہمی دفاع کی علامت ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سعودی عرب کی معاشی طاقت اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں مل کر ایک مضبوط اشتراک کا اشارہ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت اگر پاکستان پر حملہ ہوتا ہے تو اسے سعودی عرب پر حملہ تصور کیا جائے گا، اور اسی طرح سعودیہ پر حملہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ معاہدے میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا ہے، جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پوری اسلامی دنیا کے لیے امید کی کرن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اس نوعیت کے معاہدے شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتے ہیں، اور سوائے نیٹو کے، ایسے دفاعی تعاون کی مثالیں بہت کم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس معاہدے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے، بلکہ خوشی ہونی چاہیے کہ یہ پاکستان کے ساتھ ہوا، کیونکہ ایسا معاہدہ چین کے ساتھ بھی ہو سکتا تھا۔

مزید گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، تاہم اگر اس کی خودمختاری پر حملہ کیا جائے گا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب بھارت کے لیے بھی ایک حل طلب مسئلہ بن چکا ہے، جس پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

آخر میں انہوں نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے متعدد بار کہا گیا کہ وہ صدق دل سے معافی مانگ کر معاملات درست کریں، تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آ سکے۔

Leave a reply