
کراچی: پاکستان میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے شروع کی گئی مہم کے سلسلے میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ایک عملی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا دی۔
یہ اقدام کراچی میں ایک تقریب کے دوران اٹھایا گیا جہاں وزیر صحت نے اپنی بیٹی کو ایچ پی وی (HPV) ویکسین لگوائی اور بعد ازاں خود اس کی انگلی پر نشان لگا کر اس عمل کی علامتی تکمیل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کا 151 واں ملک ہے جہاں بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہم کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف قسم کی غلط معلومات اور پروپیگنڈا سامنے آیا، جس کے ردعمل میں انہوں نے اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر عوام میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وہ اپنے 30 سالہ سیاسی کیرئیر میں کبھی اپنی فیملی کو عوامی سطح پر نہیں لائے، لیکن اس معاملے میں انہوں نے اپنی بیٹی کو سامنے لا کر یہ پیغام دیا ہے کہ ملک کی ہر بیٹی کی صحت کی حفاظت سب سے اہم ہے۔
یاد رہے کہ حکومت سندھ نے 15 ستمبر سے 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے، تاکہ اس مہلک بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔