
خیبرپختونخوا میں سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آر اے) نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات کا انعقاد مقررہ قواعد کے خلاف ہے۔ تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر تعطیلات میں امتحانات کا کوئی شیڈول جاری کیا گیا ہے تو اسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
پی ایس آر اے کے مطابق کسی بھی نجی اسکول کو سرمائی تعطیلات میں امتحانات لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنےیوالے اسکولوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔









