
کراچی: گل پلازہ میں پیش آنے والے حالیہ آتشزدگی کے واقعے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے فائر سیفٹی سے متعلق مفت تربیتی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام گورنر ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے یہ اعلان جامعہ بنوریہ عالمیہ کے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کی مفت تربیت حاصل کرنے کے لیے مختلف ایسوسی ایشنز، مارکیٹ تنظیمیں اور تاجر تنظیمیں گورنر ہاؤس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور آگ سے نمٹنے کی عملی تربیت نہایت ضروری ہے، تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے 17 جنوری کی شب گل پلازہ میں شدید آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔








