سال2026 کا مکمل چاند گرہن: کیا پاکستان میں دیکھا جا سکے گا؟

3 مارچ 2026 کو سال کا پہلا مکمل چاند گرہن ہوگا، جسے عام طور پر “بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر چاند سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا اور آسمان ایک دلکش منظر پیش کرے گا۔
بلڈ مون کیوں ہوتا ہے؟
مکمل چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور چاند زمین کے سائے کے گہرے ترین حصے (امبرا) سے گزرتا ہے۔ اس دوران سورج کی روشنی چاندتک نہیں پہنچ پاتی۔
جب سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی زیادہ بکھر جاتی ہے جبکہ سرخ روشنی نسبتاً کم متاثر ہوتی ہے اور مڑ کر چاند تک پہنچتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکمل گرہن کے دوران چاند سرخ دکھائی دیتا ہے، جسے “بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں نظر آئے گا یا نہیں؟
بدقسمتی سے 3 مارچ 2026 کو ہونے والا یہ مکمل چاند گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق:
چاند گرہن کا آغاز: دوپہر 2 بج کر 50 منٹ
مکمل گرہن کا وقت: سہ پہر 4 بج کر 33 منٹ
چونکہ اس وقت پاکستان میں دن ہوگا اور چاند افق پر موجود نہیں ہوگا، اس لیے یہاں سے اس نظارے کو براہِ راست دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
کہاں دیکھا جا سکے گا؟
یہ مکمل چاند گرہن وسطی اور شمالی امریکا، شمال مشرقی ایشیا، آسٹریلیا اور وسطی بحرالکاہل کے مختلف علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔
متبادل طریقہ
اگرچہ پاکستان میں یہ نظارہ براہِ راست دیکھنا ممکن نہیں ہوگا، تاہم مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور سائنسی اداروں کی جانب سے لائیو اسٹریم کے ذریعے اسے دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق بلڈ مون ایک قدرتی اور محفوظ فلکیاتی مظہر ہے جسے دیکھنے کے لیے کسی خصوصی عینک یا حفاظتی انتظامات کی ضرورت نہیں ہوتی۔









