زبان کی رکاوٹ ختم: یوٹیوب کا آڈیو ڈبنگ فیچر تمام صارفین کے لیے جاری

0
57

یوٹیوب نے ایک نیا اور انقلابی فیچر متعارف کرایا ہے جو ویڈیو کریئیٹرز کو اپنی ویڈیوز مختلف زبانوں میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس نئے ملٹی لینگوئج آڈیو فیچر کی بدولت اب اردو یا کسی بھی زبان میں بنائی گئی ویڈیوز کو انگلش سمیت دیگر زبانوں میں ڈب کیا جا سکے گا، جس سے کریئیٹرز عالمی ناظرین تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔

یہ فیچر گوگل کے جدید جیمنائی اے آئی ماڈل پر مبنی ہے جو نہ صرف صارف کی آواز کی نقل کرتا ہے بلکہ اس کے لہجے اور جذبات کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ اس کی مدد سے ویڈیوز میں کی جانے والی ڈبنگ زیادہ قدرتی اور مؤثر محسوس ہوتی ہے۔

یوٹیوب نے بتایا ہے کہ اس ٹول کے استعمال سے ویڈیوز کی ویورشپ میں اوسطاً 25 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے اس فیچر کی افادیت واضح ہو جاتی ہے۔

ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف چند بڑے یوٹیوبرز جیسے MrBeast کو دستیاب تھی، تاہم اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ یوٹیوب ملٹی لینگوئج تھمب نیلز کے فیچر پر بھی کام کر رہا ہے، جس کی آزمائش کچھ محدود صارفین کے ساتھ جون 2025 سے جاری ہے۔ اس نئے اقدام سے ویڈیوز کا عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں تعارف ممکن ہو سکے گا۔

یہ تمام فیچرز یوٹیوبرز کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتے ہیں، جہاں زبان کی رکاوٹ ختم ہو کر تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا بھر تک پھیلایا جا سکے گا۔

Leave a reply