
آذربائیجان میں جاری سی آئی ایس گیمز 2025 کے دوران پاکستان کے ریسلر عبدالرحمٰن نے ریسلنگ کے 65 کلوگرام کیٹیگری میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والی باؤٹ میں عبدالرحمٰن نے ترکمانستان کے عبدالمقیط نبی کو 5-10 کے اسکور سے شکست دی۔ مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں پاکستانی ریسلر نے 3 جبکہ دوسرے راؤنڈ میں 7 ٹیکنیکل پوائنٹس حاصل کیے۔
اس سے قبل، کوارٹر فائنل میں عبدالرحمٰن نے بیلاروس کے حریف کو زیر کیا تھا، تاہم سیمی فائنل میں وہ کیرغیزستان کے ریسلر سے شکست کھا گئے تھے۔
عبدالرحمٰن کی اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ملک میں ریسلنگ کے کھیل کو مزید فروغ ملنے کی امید ہے۔