
ریاض میں اسلامی یکجہتی گیمز: ارشد ندیم کا شاندار کارنامہ، پاکستان نے جویلن تھرو میں سونے اور چاندی کے تمغے اپنے نام کر لیے
ریاض میں منعقدہ اسلامی یکجہتی گیمز کے جویلن تھرو مقابلے میں پاکستان کے ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ اور سلور دونوں تمغے حاصل کر لیے۔ قومی کھلاڑی ارشد ندیم نے اپنی بہترین فارم جاری رکھتے ہوئے مقابلے میں سب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سونے کا تمغہ جیت لیا۔
فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 75.44 میٹر ریکارڈ کیا، جبکہ دوسری کوشش میں 83.05 میٹر تک نیزہ پھینک کر برتری حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے 82.48 میٹر اور 77.06 میٹر کی تھروز بھی کیں۔ اگرچہ ان کی پانچویں کوشش ناکام رہی، لیکن مجموعی طور پر ان کی کارکردگی نے انہیں سب سے اوپر رکھا۔
پاکستان کے ایک اور نوجوان ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور سلور میڈل اپنے نام کرکے ملک کے لیے ایک اور کامیابی سمیٹی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس شاندار کامیابی پر ارشد ندیم اور ان کے کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان کی جیت پاکستان کی فتح ہے۔







