روس میں آسمان پر دو سورج دکھائی دینے کا نایاب منظر

روس کے مشرقی جزیرے سخالین میں شہری اس وقت حیران رہ گئے جب آسمان پر بیک وقت دو سورج نمودار ہوتے دکھائی دیے۔ اس غیر معمولی قدرتی منظر نے دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا، جبکہ کئی افراد نے اس لمحے کو اپنے کیمروں میں محفوظ بھی کر لیا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق یہ درحقیقت دو سورج نہیں تھے بلکہ شدید سرد موسم کے باعث فضا میں موجود برف کے ننھے کرسٹل سورج کی روشنی کو منعکس کر رہے تھے۔ اسی انعکاس کی وجہ سے سورج ایک سے زیادہ جگہوں پر ظاہر ہوتا محسوس ہوا۔ اس قدرتی مظہر کو سائنسی اصطلاح میں “سن ڈاگ” کہا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سخالین میں اس روز درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئندہ گھنٹوں میں پارہ مزید گر کر منفی 23 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سن ڈاگ کا یہ منظر عموماً انتہائی سرد علاقوں میں اس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب فضا میں برف کے ذرات مخصوص زاویے سے سورج کی روشنی کو موڑتے ہیں، جس سے یہ دلکش مگر نایاب منظر بنتا ہے۔









