
ایک نئی تحقیق کے مطابق روزمرہ زندگی میں کی جانے والی چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں دل کی صحت پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف چند منٹ اضافی نیند، تھوڑی سی جسمانی سرگرمی اور خوراک میں معمولی بہتری بھی دل کے دورے اور فالج جیسے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
تحقیق میں 53 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور آٹھ سال تک ان کی روزمرہ عادات کا مشاہدہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ معمولی مگر مستقل تبدیلیاں اپنانے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ تقریباً 10 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر افراد اپنی طرزِ زندگی میں مزید بہتری لائیں، جیسے روزانہ 8 سے 9 گھنٹے کی نیند، باقاعدہ ورزش اور متوازن غذا کو معمول بنائیں، تو دل کی بیماریوں کا خطرہ 50 فیصد سے بھی زیادہ کم کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران شرکاء کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کو جدید آلات کے ذریعے مانیٹر کیا گیا، جبکہ خوراک سے متعلق معلومات براہِ راست ان سے حاصل کی گئیں۔ اس عرصے میں دو ہزار سے زائد افراد میں دل سے متعلق مسائل سامنے آئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچانک بڑی تبدیلیاں لانے کے بجائے چھوٹے اور قابلِ عمل اقدامات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا زیادہ مؤثر حکمت عملی ہے۔ یہ عادات نہ صرف آسانی سے اپنائی جا سکتی ہیں بلکہ طویل مدت میں صحت پر مثبت اثرات بھی مرتب کرتی ہیں۔
تحقیق سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنائی گئی چھوٹی مثبت تبدیلیاں دل کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔








