روزانہ انرجی ڈرنک پینے والا روسی نوجوان چلنے پھرنے سے محروم

0
41
روزانہ انرجی ڈرنک پینے والا روسی نوجوان چلنے پھرنے سے محروم

روس میں 22 سالہ ایک نوجوان کی صحت انرجی ڈرنکس کے زیادہ استعمال کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ چلنے پھرنے سے معذور ہو گیا۔ نوجوان، جس کا تعلق شمالی روس کے خود مختار علاقے یامالو-ننت سے ہے، گزشتہ آٹھ برسوں سے گیمنگ کے دوران روزانہ کئی انرجی ڈرنک کے کین پینے کا عادی تھا۔

گھر والوں کے مطابق لڑکا کم عمری سے ہی کمپیوٹر گیمز کھیلنے کا شوقین تھا۔ ابتدا میں وہ گیمنگ کے دوران ایک کین پیتا تھا، لیکن وقت کے ساتھ اس کا استعمال بڑھ کر روزانہ تین کین تک پہنچ گیا، یہاں تک کہ وہ خالی پیٹ بھی انرجی ڈرنکس پینے لگا۔ نوعمری میں ہی اس کی صحت بگڑنا شروع ہوئی، اور سالوں کے دوران مسئلہ بڑھتے بڑھتے لبلبے، جگر اور تلی تک جا پہنچا۔

2024 میں اس کی حالت اچانک بگڑ گئی، آواز متاثر ہوئی اور ٹانگیں مکمل طور پر مفلوج ہو گئیں۔ اس وقت نوجوان سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسے دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہونے میں چھ ماہ سے ایک سال تک لگ سکتا ہے، تاہم لبلبے سے متعلق مسائل برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

طبی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ انرجی ڈرنکس میں کیفین اور چینی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جن کا زیادہ استعمال دل کی دھڑکن میں تیزی، بے خوابی، سر درد، پانی کی کمی، ہائی بلڈ پریشر اور معدے کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بالغ افراد کو روزانہ 400 ملی گرام سے زیادہ کیفین سے پرہیز کرنا چاہیے۔

Leave a reply