
بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ایک حالیہ اقدام پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے، جس میں ایک مسلم خاتون کے چہرے سے نقاب ہٹانے کا واقعہ سامنے آیا۔
راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ نتیش کمار کا احترام کرتی ہیں، تاہم اس واقعے نے انہیں شدید مایوس کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کے مذہبی لباس کی توہین کرنا نہایت افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔
اداکارہ کے مطابق مسلم خواتین کے لیے نقاب ان کی مذہبی اور ذاتی شناخت کا حصہ ہوتا ہے، اور اس طرح کا رویہ نہ صرف غیر مناسب بلکہ توہین آمیز بھی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک جانب خواتین کو اعزازات دے کر عزت دی جاتی ہے اور دوسری جانب ان کی حرمت کو مجروح کیا جاتا ہے۔
راکھی ساونت نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کو اس معاملے پر کھلے عام پریس کانفرنس کرنی چاہیے، متاثرہ خاتون کو مدعو کرنا چاہیے اور سب کے سامنے ان سے معذرت کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد نتیش کمار کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کی جاچکی ہے۔ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس پر سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق سے وابستہ افراد کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔
انسانی حقوق کی کارکن دپیکا پشکر ناتھ نے اس عمل کو سنگین نوعیت کی ہراسانی قرار دیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کی توہین سے تعبیر کیا۔









