رانا ثنا اللہ کا پی ٹی آئی پر پابندی کا عندیہ، غداری کیس کے امکانات بھی ظاہر

0
94
رانا ثنا اللہ کا پی ٹی آئی پر پابندی کا عندیہ، غداری کیس کے امکانات بھی ظاہر

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے اشارہ دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف پابندی کا امکان موجود ہے۔ ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پارٹی بانی عمران خان کے حالیہ ٹویٹ اور ان کی بہنوں کے بیانات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، اور ایسی حرکات اگر کسی جماعت پر پابندی کا سبب نہ بنیں تو پھر کیا بنے گا۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق عمران خان سے مذاکرات کا دروازہ کبھی کھلا ہی نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تیزی سے اپنے سیاسی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور حالیہ فیصلے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں دیا گیا پیغام بالکل واضح تھا اور اسے سیاسی بیان سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔

مشیرِ وزیراعظم نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنما نفرت انگیز سیاست کو فروغ دے رہے ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف حدیں پار کررہے ہیں، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق جعفر ایکسپریس اغوا کیس میں دہشت گردوں کا افغانستان اور بھارت سے رابطہ سامنے آیا، اور اسی بیانیے کو بقول ان کے بھارتی، افغان میڈیا اور پی ٹی آئی نے ایک ساتھ آگے بڑھایا۔

غداری کے مقدمے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس کے آثار موجود ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ مستقبل میں پی ٹی آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہوسکتی ہے اور اس کا انجام ایم کیو ایم لندن جیسا ہوسکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ صورتحال کسی جماعت پر پابندی کے لیے کافی نہیں تو پھر کوئی اور مثال بھی اس معیار پر پورا نہیں اترتی۔

Leave a reply