
راجن پور میں پولیس نے گزشتہ رات کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ اس دوران مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 17 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
ڈی پی او راجن پور محمد عمران کے مطابق، سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ رات پانچ افراد کو بازیاب کرایا گیا۔ ان میں ڈاکٹر اور ڈسپنسر بھی شامل تھے۔
ایس ایس پی انور کھیتران نے بتایا کہ بازیاب افراد اصل میں ڈاکوؤں کے سہولت کار تھے، جو ڈاکوؤں کا علاج کر رہے تھے اور مغوی ہونے کا ڈرامہ رچایا تھا۔ ڈاکٹر اور ڈسپنسر نواز آباد، صادق آباد کے رہائشی ہیں اور پولیس آپریشن کے دوران ڈرون حملے میں زخمی بھی ہوئے۔
آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں سے راکٹ لانچر، اینٹی ائیرکرافٹ گنز اور آرپی جی بھی برآمد ہوئے۔









