“دو مسلم ممالک میں امن کے لیے تیار ہوں، عمران خان کی پیرول پر رہائی کی درخواست”

0
128
"دو مسلم ممالک میں امن کے لیے تیار ہوں، عمران خان کی پیرول پر رہائی کی درخواست"

راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انہیں پیرول پر رہا کیا جائے تو وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور امن قائم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بدھ کے روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی، جس میں پاک افغان تعلقات اور سرحدی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے بتایا کہ عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ “دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان لڑائی کسی کے مفاد میں نہیں۔”

بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ اگر انہیں پیرول پر رہا کیا جائے تو وہ افغان قیادت سے بات چیت کرکے مسئلے کا پرامن حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے بھی عمران خان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “فوج اور پولیس کے شہدا ہمارے اپنے شہدا ہیں۔”

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تیسری سزا دی گئی ہے، جو قانونی اصولوں کے برخلاف ہے کیونکہ ایک ہی نوعیت کے مقدمے میں بار بار ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ “پی ٹی آئی کی واضح پالیسی ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ سیاسی بیانات اپنی جگہ، لیکن سب سے پہلے پاکستان۔”

پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق عمران خان کا یہ مؤقف ملک میں امن و استحکام کی کوششوں کا حصہ ہے اور وہ قومی مفاد میں ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہیں۔

Leave a reply