دولہا کشتی میں بارات لے کر دلہنیا لینے پہنچ گیا

پنجاب کے ضلع قصور سے تعلق رکھنے والے دولہا نے مشکل حالات کے باوجود اپنی شادی کی خوشی ادھوری نہ چھوڑی۔ گنجہ کلاں کے رہائشی ماجد نے اپنی بارات کے ہمراہ حجرہ شاہ مقیم جانے کا ارادہ کیا، مگر راستے میں سیلابی پانی آ جانے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عام راستے بند ہونے کے باوجود دلہا اور باراتیوں نے ہمت نہ ہاری اور ریسکیو 1122 کی مدد سے کشتی کے ذریعے دلہن کے گاؤں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ کشتی میں سفر کرتی ہوئی بارات نہ صرف مقامی افراد بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی بھی توجہ کا مرکز بن گئی، اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس انوکھی شادی پر خوب تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
مشکل حالات میں بھی خوشیوں کو قائم رکھنے کی یہ مثال سوشل میڈیا پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے، اور صارفین دلہے کی ہمت و جذبے کو سراہ رہے ہیں۔