دوحہ پر اسرائیلی حملہ: قطری وزیراعظم کی سخت مذمت، عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس

0
130
دوحہ پر اسرائیلی حملہ: قطری وزیراعظم کی سخت مذمت، عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس

دوحہ میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس سے قبل قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے اسرائیل کے حالیہ حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف دوحہ پر حملہ تصور کیا جا سکتا ہے بلکہ ثالثی کے عمل پر بھی کاری ضرب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب قطر غزہ میں جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا تھا، اور اسرائیل کو اس بات کا علم بھی تھا۔

قطری وزیراعظم نے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ریاستی سطح پر جارحیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر، مصر اور امریکا کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے لیے پرعزم ہے، اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی مزاحمت کی جائے گی۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے بھی اپنے بیان میں اسرائیل کو تنبیہ کی کہ بین الاقوامی برادری کی خاموشی مستقبل میں مزید سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔

دوحہ میں ہونے والا یہ اجلاس علاقائی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے، جہاں متعدد اسلامی ممالک سفارتی، سیاسی اور انسانی بنیادوں پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

Leave a reply