
دوحہ میں منعقدہ ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے ٹریپ مقابلوں میں پاکستان کے شوٹر کرنل فرخ ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیا اور نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
کرنل فرخ ندیم نے انفرادی ٹریپ ایونٹ میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران 125 میں سے 119 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ فائنل میں 30 میں سے 27 ہدف کامیابی سے نشانہ بنا کر پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے مطابق چیمپئن شپ نئے عالمی فارمیٹ کے تحت منعقد کی جارہی ہے، اسی وجہ سے کرنل فرخ ندیم کا اسکور نیا ورلڈ ریکارڈ تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ کامیابی پاکستان شوٹنگ کے لیے ایک سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔









