دفاعی طیاروں کے آرڈرز سے 6 ماہ میں آئی ایم ایف کی ضرورت ختم ہوسکتی ہے

0
64
دفاعی طیاروں کے آرڈرز سے 6 ماہ میں آئی ایم ایف کی ضرورت ختم ہوسکتی ہے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال کے بعد پاکستان کو دفاعی شعبے میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور ملکی طیاروں کے لیے بڑی تعداد میں آرڈرز موصول ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ چند ماہ میں پاکستان کو آئی ایم ایف جیسے اداروں کی ضرورت بھی نہ پڑے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مئی 2025 میں پاکستان نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور اس دوران پاکستانی طیاروں کی کارکردگی بھی عالمی سطح پر نمایاں ہوئی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان پہلے کی طرح مؤثر جواب دے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھارت نے امریکا اور چین سمیت مختلف ممالک سے رابطے کیے، جب کہ پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے واضح رہا۔
بھارتی وزیراعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حالیہ حالات کے بعد بھارتی قیادت کو داخلی اور خارجی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے جواب نے خطے میں طاقت کا توازن واضح کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم سے متعلق گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کے ذمہ دار افراد کو عالمی انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا، وہ انسانی تاریخ کے بدترین واقعات میں شامل ہے اور اس پر خاموشی اختیار کرنے والے بھی ذمہ داری سے بری نہیں ہو سکتے۔
وزیر دفاع نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے اور جنگی جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

Leave a reply