دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفرگڑھ کے کئی دیہات زیرِ آب

0
94
دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفرگڑھ کے کئی دیہات زیرِ آب

پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے، جس سے مظفرگڑھ کے سیکڑوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی جاری ہے۔

ریسکیو اداروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور سمیت مختلف علاقوں میں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں 32 کشتیاں اور پولیس کی 8 کشتیاں استعمال کر رہی ہیں، جب کہ فوج، وائلڈ لائف اور مقامی افراد بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ادھر اوکاڑہ میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں 32 دیہات میں قائم تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی تعطیلات 8 سے 14 ستمبر تک بڑھا دی گئی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا، جبکہ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا، اور دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے 9 ستمبر تک مزید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے، جس کے باعث سیلاب کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Leave a reply