دبئی ایئر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ تباہ، ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ

0
52
دبئی ایئر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ تباہ، ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ

دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا ہلکا لڑاکا طیارہ تیجس جمعہ کے روز ایروبیٹک مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر گرایا اور واقعے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واقعے سے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر تیجس طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتا دیکھا گیا تھا، جس کے بعد طیارے کی تکنیکی حالت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

طیارہ گرنے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اپنی ہی فضائیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی ذمہ داران کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ متعدد صارفین نے ایئر چیف کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
ایک صارف کے مطابق یہ سانحہ بھارت کے لیے عالمی سطح پر “سنگین سبکی” کا باعث بنا ہے، جبکہ دوسرے صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر طیارے بنیادی ایروبیٹک حرکات بھی محفوظ انداز میں انجام نہیں دے سکتے تو تربیت اور تکنیکی تیاری پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

بھارتی فضائیہ کی قیادت پر بھی تنقید کی گئی، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ جب اعلیٰ عہدیداران نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار سے ہٹ کر غیر متعلقہ سرگرمیوں میں زیادہ نظر آئیں تو اس کا اثر مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ تیجس طیاروں کے ساتھ یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے؛ اس سے قبل مارچ 2024 میں ایک تیجس طیارہ راجستھان کے جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

Leave a reply