خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائیاں، 19 شدت پسند ہلاک

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 19 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق، ضلع مہمند میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران 14 شدت پسند مارے گئے۔ آپریشن میں شدت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی جہاں مزید 4 شدت پسند ہلاک ہوئے، جب کہ تیسرا آپریشن بنوں میں کیا گیا جس میں ایک شدت پسند کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔









