
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے اہم سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس نیلامی میں صدر، سابق وزیراعظمز اور دیگر معروف شخصیات کے نام شامل ہوں گے۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے بتایا کہ نیلامی 27 جنوری 2026 کو نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوگی۔ ان کے مطابق نیلامی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے ہوگا اور سب سے زیادہ بولی دینے والے کو اپنی منتخب سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور اقوام کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس بھی نیلامی میں پیش کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ شہریوں کی دلچسپی بہت زیادہ ہے اور نیلامی سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق نیلامی میں شرکت کے لیے شہری دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 ہے۔









