
پشاور: خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے بعد صوبے کی اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔ یہ اقدام پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد عمل میں آیا، جس میں صوبائی پولیس کو احتجاج ختم کرنے اور سڑکیں کھلوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پولیس نے انبار انٹرچینج پر گزشتہ پانچ روز سے جاری دھرنے کو ختم کر دیا، جس کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔ حکام کے مطابق بھاری نفری کے ساتھ مختلف مقامات پر رکاوٹیں ہٹائی گئیں، اور پنجاب و خیبرپختونخوا کو ملانے والا اٹک پل جی ٹی روڈ بھی کھولا گیا۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں اور ڈیرہ اسماعیل خان تا اسلام آباد موٹر وے ایم 14، سی پیک یارک ٹول پلازہ بھی ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیے گئے۔ ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹرچینج بھی دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ تمام راستے نگرانی کے تحت کھولے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق صورتحال اب قابو میں ہے اور معمولات زندگی بتدریج بحال ہو رہے ہیں۔ حساس مقامات پر پولیس کی گشت بھی جاری رہے گی۔









