خیبرپختونخوا: دہشتگردی کےخلاف پولیس کاپہلااسنائپراسکواڈ تشکیل

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس نے دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے پہلا اسنائپر اسکواڈ تیار کرلیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اسنائپر اسکواڈ کو جدید اسلحہ اور تربیت فراہم کی گئی ہے، جس کا مقصد حساس علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو ممکن بنانا ہے۔ یہ اسکواڈ پہاڑی علاقوں، سرحدی پٹی اور جنوبی اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔
ہر اسکواڈ میں 10 اہلکار شامل ہوں گے جنہیں دور فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ اسکواڈ جنوبی اضلاع، ملاکنڈ ڈویژن اور سرحدی علاقوں میں ذمہ داریاں سنبھالے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرد علاقوں میں مؤثر کارروائی کے لیے اہلکاروں کو تھرمل امیجنگ ڈیوائسز سے بھی لیس کیا جا رہا ہے۔ ایلیٹ فورس کے یہ اہلکار تین ماہ کی جدید اسنائپر ٹریننگ مکمل کر چکے ہیں۔
یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مستحکم بنانے اور دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔









