خودکش بمباروں کو پاکستان بھیجنے والا داعش کمانڈرانجام کو پہنچ گیا

0
136
خودکش بمباروں کو پاکستان بھیجنے والا داعش کمانڈرانجام کو پہنچ گیا

مزار شریف – افغانستان میں شدت پسند تنظیم داعش خراسان کو اس وقت شدید دھچکا پہنچا جب تنظیم کا ایک اہم کمانڈر محمد احسانی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر “انوار” کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اور اس کا تعلق نسلی طور پر تاجک کمیونٹی سے تھا۔

اطلاعات کے مطابق محمد احسانی نہ صرف خودکش حملہ آوروں کی تربیت کا ذمہ دار تھا بلکہ انہیں پاکستان منتقل کرنے جیسے اہم منصوبوں میں بھی پیش پیش رہا۔ پاکستانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ احسانی 2022 میں پشاور کے کوچہ رسالدار دھماکے کا مرکزی سہولت کار تھا، جس میں 67 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد احسانی کی ہلاکت پاکستان اور افغانستان میں داعش خراسان کے نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکہ تصور کی جا رہی ہے، خاص طور پر اس وقت جب خیبرپختونخوا میں آپریشن “سربکف” جاری ہے۔

اسی آپریشن کے دوران رواں ماہ تین دیگر داعش خراسان کے دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا، جن میں ایک کا تعلق افغانستان سے تھا۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے باجوڑ اور دیگر قبائلی علاقوں میں داعش خراسان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف ان کارروائیوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا اور شدت پسند نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔

Leave a reply