خارگ جزیرے پر حملہ ہوا تو فیصلہ کن جواب دیں گے: ایران

0
48
خارگ جزیرے پر حملہ ہوا تو فیصلہ کن جواب دیں گے: ایران

ایران نے اپنے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ اگر خارگ جزیرے پر تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ایران اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ جس ملک کی سرزمین سے ایران کے خلاف حملہ کیا جائے گا، ایران اس ملک کی تیل اور گیس تنصیبات کو ہدف بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج جب کسی معاملے پر وارننگ دیتی ہے تو اس پر عمل بھی کرتی ہے۔
ترجمان نے پڑوسی ممالک کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ملک نے امریکا کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دی تو اسے ایران کے ممکنہ ردعمل کے لیے تیار رہنا ہوگا، جس میں اس کے توانائی کے مراکز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل خارگ جزیرے کو نشانہ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔
خارگ جزیرہ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل کے فاصلے پر واقع ہے اور اسے ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات اسی جزیرے کے ذریعے ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔

Leave a reply