خاتون اپنی بیٹی کے اسکول بیگ میں منشیات چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار

کراچی میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران خاتون کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ مبینہ طور پر اپنی 10 سالہ بیٹی کے اسکول بیگ میں منشیات چھپا کر کوئٹہ سے کراچی منتقل کر رہی تھی۔
موچکو پولیس کے مطابق کوئٹہ سے کراچی آنے والی ایک مسافر بس کی تلاشی کے دوران اہلکاروں کو شک ہوا، جس پر بچی کے اسکول بیگ کی چیکنگ کی گئی۔ تلاشی کے دوران کتابوں کے نیچے سے تقریباً 4 کلو منشیات برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار خاتون، بی بی ذاکرہ، اپنی بیٹی کے ساتھ سفر کر رہی تھی اور مبینہ طور پر کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی کا ارادہ رکھتی تھی۔ ملزمہ کو حراست میں لے کر منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔









