خاتون آن لائن خریداری کے دوران سائبر فراڈ کی شکار، 98 ہزار روپے کا نقصان

بھارت میں ایک خاتون آن لائن خریداری کے دوران سائبر فراڈ کا شکار ہو گئی اور صرف چار کرتیاں خریدنے کے دوران 98 ہزار روپے سے محروم ہو گئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے معروف ویب سائٹ سے چار کرتیاں خریدیں اور پوری رقم آن لائن ادا کی، لیکن چند دن بعد انہیں موبائل پر کالز آئیں جن میں کہا گیا کہ پچھلی ادائیگی مکمل نہیں ہوئی یا کوئی تکنیکی مسئلہ ہے۔ کال کرنے والے افراد نے کہا کہ رقم دوبارہ جمع کروائیں، اضافی ادائیگی بعد میں ریفنڈ کے ذریعے واپس کر دی جائے گی۔
بھروسے میں آ کر متاثرہ خاتون نے تقریباً ڈھائی ہزار روپے مزید ادا کر دیے۔ اس کے بعد فون کالز میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کے بعد خاتون کے بینک اکاؤنٹ سے متعدد ٹرانزیکشنز ہوئیں اور مجموعی طور پر 98 ہزار روپے نکل گئے۔ رقم کے متعلق پیغامات موصول ہونے پر خاتون نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے نامعلوم سائبر کرمنلز کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ماہرین کے مطابق آن لائن شاپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ ہی سائبر فراڈ کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فراڈ کرنے والے صارفین کو جعلی کالز یا ای میلز کے ذریعے گمراہ کرتے ہیں اور رقم واپس کرنے کے بہانے اضافی پیسے نکالتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اصلی آن لائن شاپنگ پورٹلز کبھی بھی صارف سے ریفنڈ کے لیے دوبارہ ادائیگی یا غیر معروف لنک پر کلک کرنے کو نہیں کہتے۔ صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کسٹمر کیئر نمبر استعمال کریں، مشکوک کالز یا پیغامات سے محتاط رہیں، بینک اور کارڈ کی تفصیلات محفوظ رکھیں، اور ٹرانزیکشنز کا باقاعدہ جائزہ لیں تاکہ آن لائن فراڈ سے بچا جا سکے۔









