حکومت کے پہلے 16 ماہ: قرضوں میں ہوشربا اضافہ سامنے آ گیا

0
105
حکومت کے پہلے 16 ماہ: قرضوں میں ہوشربا اضافہ سامنے آ گیا

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی حالیہ دستاویزات کے مطابق موجودہ حکومت کے ابتدائی 16 مہینوں (مارچ 2024 تا جون 2025) کے دوران وفاقی قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 11 ہزار 796 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضوں میں 1 ہزار 282 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے بعد جون 2025 تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 77 ہزار 888 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا، جو فروری 2024 میں 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔

مزید تفصیلات کے مطابق فروری 2024 تک وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2025 میں بڑھ کر 54 ہزار 471 ارب روپے ہو گیا۔ اسی طرح بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے سے بڑھ کر 23 ہزار 417 ارب روپے ہو گیا۔

دستاویزات میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ جون 2025 تک پاکستان کے مجموعی قرضے اور واجبات بڑھ کر 94 ہزار 197 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 740 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a reply