حکومت بلوچستان کا صوبہ بھر میں پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ

0
77
حکومت بلوچستان کا صوبہ بھر میں پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبائی حکومت نے پورے صوبے میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان کیجانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش اور استعمال پر پابندی عائد ہوگی، جب کہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، کالے شیشوں والی گاڑیوں، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی نافذ رہے گی۔ اس کے علاوہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوسوں اور ریلیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید برآں، عوامی مقامات پر چہرہ مفلر، رومال یا ماسک سے ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیامِ امن کے لیے حکومتی اقدامات سے مکمل تعاون کریں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد حملوں کے واقعات پیش آئے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ان واقعات کے بعد کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا، جن کی لاشیں حکام کی تحویل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ان کارروائیوں اور حملوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے متعدد اہلکار شہید ہوئے، جب کہ شہری بھی جانی نقصان کا شکار ہوئے۔

Leave a reply