جیا علی نے مسرت مصباح کے سابق شوہر سے متعلق پرانے تنازع پر خاموشی توڑ دی

0
20
جیا علی نے مسرت مصباح کے سابق شوہر سے متعلق پرانے تنازع پر خاموشی توڑ دی

معروف پاکستانی ماڈل و اداکارہ جیا علی نے اپنے شوبز کیریئر کے ابتدائی دنوں سے جڑے ایک پرانے تنازع پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کی ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے بتایا کہ جب وہ تقریباً 18 برس کی تھیں تو انہوں نے بیوٹیشن مسرت مصباح کے سیلون میں کام کیا تھا۔ اسی عرصے کے دوران ان کا نام مسرت مصباح کے اُس وقت کے شوہر عامر کے ساتھ جوڑا گیا اور ان کے بارے میں مختلف افواہیں گردش کرنے لگیں۔

اداکارہ کے مطابق وہ اس وقت بہت کم عمر تھیں اور معاملات کی پیچیدگی کو پوری طرح سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عامر ان کے لیے بھائی کی طرح تھے اور ان کے درمیان کسی نامناسب تعلق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔

جیا علی نے بتایا کہ مسرت مصباح کی ازدواجی زندگی پہلے ہی مشکلات سے گزر رہی تھی اور بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اُس وقت ایک نوجوان ماڈل تھیں، اس لیے طلاق کے معاملے میں بھی ان کا نام افواہوں کے ذریعے شامل کر دیا گیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اس تنازع نے ان کے ابتدائی ماڈلنگ کیریئر کو متاثر کیا اور انہیں بعض مقامات پر کام کے مواقع سے محروم ہونا پڑا۔ تاہم انہوں نے حالات کے سامنے ہار ماننے کے بجائے اپنے کیریئر کو جاری رکھا۔

جیا علی کے مطابق انہوں نے بعد میں اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا اور شوبز میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہیں۔

ان کے حالیہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر اس پرانے معاملے سے متعلق ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد نے جیا علی کے مؤقف پر سوالات اٹھائے جبکہ کچھ صارفین نے مسرت مصباح کی حمایت کی۔

Leave a reply