جنگ رکوانے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے، مگر لالچی نہیں ہوں: ٹرمپ

0
95
جنگ رکوانے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے، مگر لالچی نہیں ہوں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں متعدد تنازعات ختم کرانے کے باوجود انہیں نوبیل انعام سے محروم رکھا گیا۔ کابینہ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے کہا گیا تھا کہ اگر وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ روک دیں تو انہیں نوبیل انعام دیا جائے گا، مگر اس سے پہلے وہ جن آٹھ تنازعات میں کمی یا خاتمہ لانے کا کردار ادا کر چکے ہیں، ان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر جنگوں کو رکوانا معیار ہے تو انہیں ہر ایسی کوشش پر نوبیل انعام ملنا چاہیے، تاہم وہ خود کو ”لالچی“ ثابت نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک نوبیل انعام یافتہ خاتون بھی انہیں اس اعزاز کا مستحق قرار دے چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف خطوں میں جاری جھڑپوں اور ہلاکتوں پر تشویش رہتی ہے، اور ان کی کوششوں سے آٹھ تنازعات میں نمایاں کمی آئی، جبکہ روس اور یوکرین کا مسئلہ وہ نواں بحران ہے جو جلد ختم ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یوکرین کی صورتحال پیچیدہ ہے اور اس کا حل فوری طور پر ممکن نہیں، مگر امن کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a reply