جنگ بندی ختم ہوتے ہی غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری

ہاٹ لائن نیوز : اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں 7 روزہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج نے غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کر دیے جس کے نتیجے میں کم از کم 109 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی 24 نومبر کو شروع ہوئی تھی جس میں دو بار توسیع کی گئی تھی اور یہ جنگ بندی جمعہ کی صبح بغیر کسی توسیع کے ختم ہو گئی تھی۔
فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کے مغربی علاقے پر بھی بمباری جاری ہے جب کہ اسرائیلی جاسوس طیارے غزہ پر نچلی پروازیں کر رہے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا ہے جب کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری میں بچوں سمیت کم از کم 109 فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔








