
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کپتان، کوچ اور سلیکشن کمیٹی پر سخت تنقید کی ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔ میزبان ٹیم نے 195 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں قومی ٹیم 19ویں اوور میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کامران اکمل نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ جس کھلاڑی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، اُسے کپتان بنادیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سلمان آغا کو کپتان نامزد کیا گیا، اُس وقت بھی میں نے یہی اعتراض اٹھایا تھا کہ اسے قیادت سونپنا ٹیم کے ساتھ ناانصافی ہے۔
سابق وکٹ کیپر نے مزید کہا کہ اگر اب بھی درست کپتان کا انتخاب کرلیا جائے تو یہی ٹیم بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے، تاہم موجودہ نتائج کی ذمہ داری پی سی بی چیئرمین، سلیکشن کمیٹی، کپتان اور کوچ سب پر عائد ہوتی ہے۔
ادھر سابق کرکٹر یاسر حمید نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کا مائنڈ سیٹ اب بھی پرانا ہے۔ ان کے مطابق کپتان کے لیے سب سے اہم دو چیزیں کارکردگی اور ٹیم کے نتائج ہیں، لیکن سلمان آغا نہ خود پرفارم کر رہے ہیں اور نہ ٹیم کو جتوا پا رہے ہیں۔









