
جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، ریڈ زون سیل
جماعت اسلامی کے فلسطین مارچ کے موقع پر اسلام آباد میں آج سیکیورٹی کے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جماعت اسلامی نے اسرائیلی دہشت گردی کا شکار غزہ کے مسلمانوں کی حمایت میں آج اسلام آباد میں یکجہتی غزہ مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کے شرکا سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا، دوسری طرف ریڈ زون کو جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔مارچ کے پیش نظر فیض آباد کو بھی سیل کیا گیا ہے، فیض آباد میں کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں، فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہ کو بھی بند کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے قافلوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، مارچ کے شرکا سے نمٹنے کیلئے ریڈ زون میں اضافی نفری بھی تعینات ہو گی جبکہ دوسرے صوبوں سے اضافی نفری بھی منگوائی گئی ہے۔









