
اسلام آباد: صدرِ مملکت نے جسٹس امین الدین خان کو وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ قانون و انصاف نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
جسٹس امین الدین خان اس سے قبل آئینی بینچ کے سربراہ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے اور وہ رواں ماہ کی 30 تاریخ کو عہدے سے ریٹائر ہونے والے تھے۔ تاہم نئی آئینی ترامیم کے بعد انہیں وفاقی آئینی عدالت کا پہلا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد اب آئین کا حصہ بن چکا ہے۔ ترمیم کے تحت آرٹیکل 176 اور آرٹیکل 255 میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے مطابق موجودہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کے طور پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
مزید یہ کہ نئی ترمیم کے مطابق سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹسز میں سے سینیارٹی کی بنیاد پر چیف جسٹس پاکستان کا تعین کیا جائے گا۔









