جسم کمزور، ارادہ فولادی — دنیا کے معمر ترین باڈی بلڈر کی کہانی

0
73

عمر محض ایک عدد ہے — یہ بات امریکہ سے تعلق رکھنے والے اینڈریو بوسٹینٹو نے ثابت کر دی ہے، جو 100 برس کی عمر میں بھی باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور مسلسل ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

13 سال کی عمر میں باڈی بلڈنگ کا آغاز کرنے والے اینڈریو گزشتہ 87 سال سے اس شعبے میں سرگرم ہیں۔ ان کے مطابق وہ اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک سانس باقی ہے۔

اینڈریو بوسٹینٹو “نیشنل جم ایسوسی ایشن ” کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ہیں، جو امریکہ میں ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر باڈی بلڈنگ کو فروغ دیتی ہے۔ ان کی اہلیہ، فرانسین، اس تنظیم کی صدر ہیں اور سوشل میڈیا پر اکثر اینڈریو کی فٹنس اور حوصلے کی کہانیاں شیئر کرتی ہیں۔

مئی 2025 میں، 100 سال اور 4 ماہ کی عمر میں، اینڈریو نے این جی اے کے ایک باڈی بلڈنگ مقابلے میں شرکت کی اور چیمپئن شپ بیلٹ کے ساتھ ساتھ ٹرافی بھی جیتی۔

1977 میں، 52 سال کی عمر میں وہ “سینئر مسٹر امریکہ” کا خطاب بھی حاصل کر چکے ہیں، مگر ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز دوسری جنگ عظیم میں امریکی فوج کی خدمت ہے، جس پر انہیں فخر ہے۔

فٹنس کے شوق میں کبھی کمی نہ آنے والے اینڈریو ہفتے میں 6 دن باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں۔ اگرچہ عمر اور صحت کے کچھ چیلنجز — جیسے ٹانگ کی انجری اور فالج — ان کی راہ میں آئے، لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ورزش کو اپنے جسم کی موجودہ حالت کے مطابق ڈھال لیا ہے، اور آج بھی وہ دایاں ہاتھ کمزور ہونے کے باوجود ورزش میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔

نوجوانوں کے لیے ان کا مشورہ ہے:
“اگر آپ جسم بنانا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے ذہن کو تیار کریں۔ جو چاہیں، اس کا تصور کریں اور پھر محنت سے اس کی طرف بڑھیں۔”

Leave a reply