
دنیا کی معروف ترین میراتھون دوڑوں میں شامل شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھا کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔ اس سال کے ایونٹ میں دنیا بھر سے 53 ہزار سے زائد رنرز شریک ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں پاکستانی رنرز بھی شامل تھے۔
پاکستانی نژاد امریکی رنر سید علی حمزہ نے دو گھنٹے 55 منٹ 14 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کر کے سب سے تیز پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ سلمان الیاس نے 2:56:39 جبکہ نزار نایانی نے 2:57:43 میں دوڑ مکمل کی۔
پاکستان میں مقیم رنرز میں کراچی کے فیصل شفیع نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 3:18:52 میں فاصلہ طے کیا، جو ان کے کیریئر کی بہترین دوڑ قرار دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بار اسٹریٹجی بدلتے ہوئے ابتدائی رفتار کو معتدل رکھا اور اختتام پر تیزی دکھائی۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی دانیا علی نے شکاگو میراتھون میں اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے 4:45:07 میں فاصلہ طے کیا، جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔
خواتین رنرز میں سب سے نمایاں کارکردگی عائشہ قمر کی رہی جنہوں نے 3:01 میں دوڑ مکمل کی۔ ان کے علاوہ ماہین سلیمان شیخ (3:55:29) اور ثناء ملک (4:26:27) نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔
پاکستان کے دیگر نمایاں رنرز میں شامل تھے:
بلال عمر – 3:39
یاور صدیقی – 3:45
شاہ فیصل خان – 3:57
ڈاکٹر صفدر علی – 4:06
عباس نقی – 4:12
یاسر سلیمان میمن – 4:18
تاجدار اقبال – 4:21
اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر 4:59:25 میں میراتھون مکمل کی۔ راستے میں موجود ان کے چاہنے والوں نے سالگرہ کی مبارکباد کے نعروں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔
ایلیٹ کیٹیگری میں مردوں کا اعزاز یوگنڈا کے جیکب کپلِمو نے 2:02:23 میں دوڑ مکمل کر کے حاصل کیا، جبکہ خواتین میں ایتھوپیا کی ہاوی فیسا گجیجا نے 2:14:56 میں کامیابی حاصل کی۔
شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی رنرز کی شرکت ایک بار پھر اس بات کا ثبوت بنی کہ محدود وسائل کے باوجود بھی پاکستانی رنرز عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔








