تعلیمی اداروں میں اجرک اور ٹوپی دینے پر پابندی

تعلیمی اداروں میں اجرک اور ٹوپی دینے پر پابندی
حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں میں اجرک اور ٹوپی تحفے میں دینے پر پابندی عائد کر دی ہے، محکمہ تعلیم سندھ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو فوری طور پر احکامات کی پابندی کرنا لازمی ہو گی، کسی بھی سرکاری تعلیمی ادارے میں مہمانوں کے استقبال کے لیے بچوں کو قطار میں کھڑا کرنا ممنوع ہو گا، اس رسم پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔
اسی طرح سرکاری سطح پر اجرک، سندھی ٹوپی اور دیگر تحائف دینے کی پرانی روایت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے، حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ پابندی کا یہ فیصلہ تعلیمی ماحول کو تقریبات سے ہٹا کر تعلیمی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے، تمام تعلیمی ادارے ان احکامات پر مکمل عمل پیرا ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔









