
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رشنا خان نے ترکیہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے باعث دوبارہ وہاں نہ جانے کی وجہ بیان کی ہے۔
رشنا خان نےمیزبان تابش ہاشمی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ترکیہ کا دوسرا دورہ اُن کے لیے پریشان کن رہا۔ اداکارہ نے کہا کہ ترکیہ میں وہ سڑک پر جرائم (اسٹریٹ کرائم) کے شکار ہو گئیں، جس نے ان کے سفر کے تجربے کو متاثر کیا۔
رشنا نے بتایا کہ سردیوں کے موسم میں وہ راستہ سمجھنے میں تھوڑی پریشان تھیں، جس پر کچھ نوجوانوں نے ان کی مدد کی اور انہیں پیچھے چلنے کے لیے کہا۔ لیکن تھوڑی دیر بعد، جب وہ اپنا فون جیب میں رکھ کر ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں، وہ فون غائب ہوگیا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کراچی میں کبھی اس طرح کے اسٹریٹ کرائم کا سامنا نہیں ہوا، مگر ترکیہ میں یہ تجربہ ان کے لیے ناخوشگوار رہا، اور اس کے بعد ان کا دوبارہ ترکیہ جانے کا دل نہیں چاہا۔









