
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ کیے بغیر شہروں اور قصبوں کی منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر بہتر نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اقبال فلائی اوور ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عام شہری کی سہولت کے لیے ایسے منصوبے انتہائی اہم ہیں اور بہتر سفر کی سہولیات خوش آئند ہیں۔
شہباز شریف نے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دو سال کے بعد عوام کو ایک نیا اسلام آباد دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے “ویژن 2027” پر عمل جاری ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اقبال چوک فلائی اوور منصوبہ صرف 77 دن میں مکمل کیا گیا اور اس کے اطراف تین ہزار نئے پودے اور درخت لگائے گئے ہیں۔








