بہار میں شادی کی تقریب رسگلے ختم ہونے پر دنگل بن گئی

بھارت کی ریاست بہار میں ایک شادی اس وقت بدنظمی کا شکار ہوگئی جب مٹھائی ختم ہونے پر دلہا اور دلہن کے خاندانوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ضلع بودھگیا میں ہونے والی اس تقریب میں رسگلے کم پڑنے پر دلہن کے اہلِ خانہ نے ناراضی کا اظہار کیا، جو ابتدا میں معمولی بحث تھی لیکن چند ہی لمحوں میں شدید لڑائی میں بدل گئی۔ دونوں جانب کے افراد نے ایک دوسرے پر گھونسوں، تھپڑوں اور کرسیوں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہمان ایک دوسرے پر کرسیاں پھینک رہے ہیں اور ہال میں افراتفری کا ماحول ہے۔
دوسری جانب دلہن کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر دلہا فریق کی طرف سے جہیز میں اضافی دو لاکھ روپے کے مطالبے سے انکار کردیا تھا، اور ان کے مطابق رسگلے کی کمی کو جھگڑا شروع کرنے کے لیے بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا۔








